ر2روزہ ہڑتال حیدرآبادی طلبہ اور آئی ٹی ملازمین کیلئے مسائل کا خدشہ

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حیدرآبادی عوام جو کہ خانگی سواریوں اور ٹیکسیوں کے ذریعہ اپنی منزل مقصود کی طرف جاتے ہیں انہیں آج اور کل ( منگل اور چہارشنبہ ) کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیوں کہ قومی سطح پر جو ہڑتال کا اعلان ہوا ہے اس 2 روزہ ہڑتال میں حیدرآباد کے اسکولس ، بسوں ، ٹیکسیوں اور خانگی حمل و نقل کے ذرائع بھی شرکت کا اعلان کردیا ہے ۔ جس کی وجہ سے حیدرآباد میں آٹوز ، ٹیکسیاں اور اسکول کی بسیں شاید کم ہی سڑک پر دکھائی دیں گی ۔ لیکن ٹی ایس آر ٹی سی ، آر ٹی سی تلنگانہ مزدور یونین نے ہڑتال کے دن بھی اپنی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا آر ٹی سی بسوں کی خدمات حسب معمول ہوں گی ۔ تلنگانہ کے ٹیکسی اور جے اے سی کے چیرمین شیخ صلاح الدین نے کہا ہے کہ اولا اور اوبر کے بشمول 50 ہزار سے زیادہ ڈرائیور نے اس دو روزہ ہڑتال میں شرکت کا اعلان کیا ہے اور اگر اعلان کے مطابق ہڑتال جاری رہی تو حیدرآباد میں ہزاروں ملازمین خاص کر آئی ٹی ملازمین کے لیے یہ 2 دن مسائل اور پریشانی کے ہوسکتے ہیں ۔ جب کہ اسکولوں کے لیے بھی چلنے والے آٹوز اور بس ڈرائیورس کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کے بعد اولیائے طلبہ پریشان ہیں کیوں کہ ایک جانب اسکولوں میں امتحانات کا سیزن چل رہا ہے تو دوسری جانب گاڑیوں کی ہڑتال سے انہیں وقت پر اسکولس پہنچنے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔۔