ر9رکنی رہزنوں کی ٹولی گرفتار ، مسروقہ چاندی ضبط

   

جیویلری شاپ لوٹنے کا منصوبہ ، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں سرگرم 9 رکنی رہزنوں کی ٹولی کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 11 کیلو مسروقہ چاندی برآمد کرلی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہاکہ 34 سالہ محمد نظام الدین اور اُس کے ساتھی 24 سالہ محمد آصف، 23 سالہ شیخ خالد ، 29 سالہ محمد جاوید خان،28 سالہ محمد امجد، 32 سالہ محمد مکرم احمد، 21 سالہ محمد سلمان، 26 سالہ سید جیلانی اور ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ محمد نظام الدین ہے جسے سابق میں ملاوٹی تیل تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، اِس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے جیویلری شاپ کے ملازم سے چاندی لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا۔ پولیس کمشنر نے کہاکہ اِس کیس میں گرفتار کم عمر لڑکا سابق میں فتح دروازہ چوراہے پر واقع ایک جیویلری شاپ میں ملازمت کیا کرتا تھا اور یہ دوکان اظہر نامی شخص کی ہے۔ سابق میں جیویلری شاپ کے مالک اظہر نے کم عمر لڑکے کو معمولی سی بات پر زدوکوب کیا تھا جس کے نتیجہ میں اُس نے نظام کو رہزنی میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ منصوبے کے تحت نظام نے اظہر کے قبضہ سے جیویلری شاپ بند کرنے کے بعد چاندی لوٹ لینے کا ارادہ کیا اور اِس سلسلے میں گرفتار ملزمین جمع ہوگئے اور 17 اپریل کو رات دیر گئے جیسے ہی اظہر دوکان بند کرکے مکان کے لئے روانہ ہوا، کم عمر رہزن نے اپنے ساتھیوں کو اُس کی نقل و حرکت کی اطلاع دی جس کے نتیجہ میں اظہر کے قبضہ سے 11 کیلو چاندی ایک مندر کے قریب چھین لی گئی اور رہزنوں نے اظہر کی آنکھ میں مرچ پاؤڈر بھی ڈال دیا تاکہ اُن کی شناخت نہ ہوسکے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے مسروقہ چاندی برآمد کرلی اور اُنھیں عدالتی تحویل میں دے دیا۔