عوام سے تعاون کی اپیل، 40,000 جائیدادوں پر عنقریب تقررات، ورنگل کے نرسم پیٹ میں 532 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز
حیدرآباد ۔ 5۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ کو زائد فنڈس حاصل کرنے کیلئے وہ مرکزی حکومت سے لڑائی کے لئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں تلنگانہ عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر عوام میرے ساتھ ہیں تو میں دہلی سے لڑائی کیلئے تیار ہوں تاکہ ریاست کو مزید فنڈس حاصل کیا جاسکیں۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل کے ضمن میں دورہ اضلاع کے تحت چیف منسٹر نے آج ورنگل ضلع کے نرسم پیٹ اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے 532 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت بھاری فنڈس کی ضرورت کی پرواہ کئے بغیر ریاست میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل پیرا ہیں۔ مرکزی حکومت کو اس سلسلہ میں ریاست سے تعاون کرنا چاہئے ۔ سابق بی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں بدترین شکست کے باوجود اپوزیشن قائدین کے غرور میں کمی نہیں آئی ہے۔ جوبلی ہلز کی عوام نے بی آر ایس کو مسترد کردیا۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین کو عوام سے خطاب کے دوران باوقار گفتگو کرنے کا مشورہ دیا اور بی آر ایس پر کسانوں کو دھمکانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کسانوں کو دھان کی پیداوار سے روکنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ کانگریس حکومت نے دھان کی پیداوار کی حوصلہ افزائی کی جس سے تلنگانہ ملک کی نمبر ون ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین نے صرف اپنے اثاثہ جات کو ترقی دینے پر توجہ دی تھی۔ ترقی کے لئے تعلیم کو لازمی قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اقتدار کے پہلے سال 60 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ بہت جلد مزید 40 ہزار جائیدادوںپر تقررات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ملازمت کیلئے محنت سے تیاری کریں۔ چیف منسٹر نے گرام پنچایت چناؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کو بھاری رقومات خرچ کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ رقومات کے بجائے امیدوار عوام کا دل جیتنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں کی ترقی میں مددگار بننے والے امیدواروں کو سرپنچ کے طور پر منتخب کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی جامع ترقی کیلئے گلوبل سمٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد کی طرز پر ورنگل شہر کو ترقی دی جائے گی۔ ورنگل میں آؤٹر رنگ روڈ ، انڈر گراؤنڈ ڈرینج کے علاوہ ایرپورٹ تعمیر کیا جائے گا اور 31 مارچ تک ان کاموں کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 25 لاکھ اندراماں ہاؤزنگ مکانات وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے 10 سالہ دور حکومت میں تعمیر کئے گئے ۔ کانگریس حکومت 22500 کروڑ کے خرچ سے ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست بن چکی ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، وی سری ہری اور چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی کے علاوہ ضلع کے ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی موجود تھے۔1