زائد فیس وصولی پر 28 اسکولوں کو وجہ نمائی نوٹس

   

محکمہ تعلیم کی کارروائی، سرپرستوں کی جانب سے شکایات
حیدرآباد: محکمہ تعلیم نے اسکول فیس قواعد کی خلاف ورزی پر 28 اسکولوں کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی و میڑچل کے اسکولوں میں سرکاری احکامات کے باوجود طلبہ سے زائد تعلیمی فیس کا مطالبہ کیا تھا۔ ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹر حیدرآباد وجئے لکشمی بائی نے بتایا کہ 28 اسکولوں کو نوٹس جاری کی گئی اور جواب نہ دینے پر مزید نوٹسیں جاری کی جائیں گی۔ کارروائی سے قبل اسکولوں کو وضاحت کا موقع دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکولس جی او نمبر 46 کی خلاف ورزی کر رہے تھے جس کے تحت اسکول فیس میں اضافہ پر پابندی تھی۔ سرپرستوں نے انتظامیہ کے خلاف شکایت کی۔ عہدیداروں نے فیس وصولی پر تحقیقات کرکے رپورٹ داخل کی۔ جی او 46 ، 21 اپریل کے تحت اسکولوں کو تعلیمی سال 2020-21 میں فیس میں اضافہ سے روکا گیا ۔ ٹیوشن فیس کے علاوہ کوئی اور فیس وصول نہیں کی جاسکتی۔ تعلیمی فیس ٹرم کی بنیاد پر نہیں ماہانہ اساس پر وصول کی جانی چاہئے ۔ احکام کی خلاف ورزی پر اسکول کی مسلمہ حیثیت ختم کی جاسکتی ہے ۔ ڈی ای او حیدرآباد بی وینکٹ نرسما کے مطابق بیگم پیٹ ‘بنجارہ ہلز میں دو اسکولوں کو نوٹس جاری کی گئی ۔ اسکے علاوہ بعض دیگر اسکولوں سے متعلق محکمہ کو شکایات موصول ہوئیں۔