حیدرآباد ۔ /22 اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران ضروری اشیاء کو زیادہ قیمتوں میں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور آج ملے پلی علاقہ میں ٹاسک فورس اور محکمہ افزائش مویشیان نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے زیادہ دام پر بکرے کا گوشت فروخت کرنے والے ایک قصائی کو پکڑ لیا اور اس کی دوکان کو بھی مہربند کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملے پلی علاقہ میں زیادہ قیمت پر بکرے کا گوشت فروخت کیا جارہا تھا جس کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس گاہک کے بھیس میں پہونچ کر زیادہ قیمت میں بکرے کے گوشت فروخت کرنے کا پتہ لگایا۔
اور قصائی کو پکڑلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ مویشیات کے ایک افسر ڈاکٹر ایس ایم اے قادری نے کہا کہ کووڈ لاک ڈاؤن کے پیش نظر دونوں شہروں میں بکرے کے گوشت کو اونچی قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے ۔ لزوم کے مطابق ہڈی کے ساتھ گوشت کو 700روپئے اور بغیر ہڈی کے گوشت کو 800روپئے تک فروخت کیا جاسکتا ہے لیکن دونوں شہروں میں مٹن شاپس میں 1000روپئے سے زائد قیمت پر گوشت کو فروخت کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر قادری نے کہا کہ عوام کو یہ چاہیئے کہ اونچی قیمت پر گوشت نہ خریدیں اور مٹن شاپ پر زیادہ قیمت پر گوشت فروخت کرنے پر کووڈ کنٹرول روم کو فون پر اطلاع دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مٹن شاپس کیلئے یہ لزوم ہے کہ وہ گوشت کا دام بورڈ پر تحریر کریں تاکہ عوام کو اس کا پتہ چل سکے لیکن کسی بھی مٹن شاپ میں اس قانون پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے اور من مانی قیمتیں لی جارہی ہیں ۔