زائد منافع فراہم کرنے کے نام پر دھوکہ دینے والی ماں اور بیٹا گرفتار

   

رقم واپسی میں ٹال مٹول کا شاخسانہ ، جیڈی میٹلہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /26 اگست ( سیاست نیوز ) کاروبار کے نام پر زائد منافع کی آس دلاکر رقم ہڑھپنے والے ماں بیٹے کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 23 سالہ بی مہیش اور اس کی والدہ 48 سالہ بی لنگاماں کو گرفتار کرلیا ۔ ان کے خلاف ایک خاتون راجیشوری ساکن چنتل نے شکایت کی تھی ۔ پولیس کے مطابق مہیش نے خود کو رئیل اسٹیٹ اور اسکراپ کا تاجر ظاہر کرتے ہوئے خاتون سے رجوع ہوا جو پیشہ سے جونئیر کالج لکچرر ہے اور اس کے شوہر سے اپنی بہترین دوستی ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کے نام پر خاتون کو اپنی جعلسازی کا شکار بنایا اور ایک کروڑ روپئے کے فائدہ کی آس بتاتے ہوئے خاتون اور اس کے شوہر سے 20 لاکھ روپئے زائد منافع کے ساتھ واپس کرنے کی شرط پر حاصل کرلئے ۔ اس خاتون لکچرر نے 20 لاکھ روپئے کی رقم مہیش کی والدہ لنگااماں کے اکاونٹ میں منتقل کی ۔ تاہم وقت گذرنے کے ساتھ انہوں نے اس خاتون لکچرر کو رقم اور منافع کی رقم دینے کیلئے ٹال مٹول کیا ۔ دباؤ بڑھانے کے بعد مہیش کا بھائی شیکھر اور اس کی والدہ شکایت گزار میاں بیوی کو دھمکیاں دینے لگے ۔ خاتون کی شکایت حاصل ہونے کے بعد پولیس نے ٹکنیکل وجوہات کی جانچ کی اور ہر زاویہ سے کیس کی جانچ کرنے کے بعد ماں بیٹے کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ شیکھر مفرور ہے ۔