زائد منافع کے لالچ میں محنت کی کمائی بھی برباد

   

ملٹی لیول مارکیٹنگ کے جال میں نہ پھنسنے عوام کو پولیس کمشنر کا مشورہ ، نظام آباد میں اہم ملزم گرفتار

نظام آباد۔20 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کمشنر نظام آباد مسٹر سائی چیتنیا نے خبردار کیا ہے کہ عوام تیزی سے منافع دینے کا جھانسہ دینے والی ’’ملٹی لیول مارکیٹنگ‘‘ اسکیموں اور آن لائن چین سسٹم کے جال میں نہ پھنسیں کیونکہ اس طرح کی دھوکہ دہی سے عام شہریوں کی محنت کی کمائی برباد ہورہی ہے۔ پولیس نے BMB ملٹی لیول مارکیٹنگ چین سسٹم میں ملوث ایک اہم ملزم چندر شیکھر پرساد کو گرفتار کرلیا ہے جو شہریوں کو جعلی اسکیموں کے ذریعے لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہا تھا۔شکایت گزار بکنّا نے پولیس کو بتایا کہ 13 اکتوبر کو کوٹ گلی میں کینرا بینک کے قریب موجود BMB کمپنی کے دفتر گیا جہاں ملزم نے اسے جھانسہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ کمپنی ’’انگلینڈ کی‘‘ ہے اور اس میں سرمایہ کاری کرکے کمپنی کے اشتہارات کو ریٹنگ دینے پر کم وقت میں زیادہ منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مزید یہ کہ کمپنی کے ذریعے موبائل فون اور گھریلو سامان بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ملزم کے بہکاوے میں آکر شکایت گزار نے BMB ایپ انسٹال کرکے مختلف ’’لیولز‘‘ میں مجموعی طور پر 84,398 روپے کی رقم جمع کرائی۔ بعد ازاں کمپنی والٹ میں دکھایا گیا رقم جب نکالنے کی کوشش کی گئی تو ٹرانزیکشن ناکام ہوگئی جس کے بعد اسے معلوم ہوا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوا ہے۔ پولیس نے شکایت درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تو ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزم نے تقریباً 22 افراد کو اسی طریقے سے دھوکہ دیا ہے جبکہ تقریباً 750 افراد نے اس کمپنی میں سرمایہ کاری کی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرین کی مجموعی رقم ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کے درمیان ہے۔ مزید یہ کہ BMB کمپنی کی تمام لنکس اور ایپ چین سے چلائی جارہی تھیں اور جمع شدہ رقم بیرونِ ملک منتقل کر دی گئی ہے۔ کمپنی کا ایپ فی الحال بند ہوچکا ہے۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی شخص ’’کم وقت میں زیادہ منافع‘‘ دینے کا دعویٰ کرے تو ہرگز یقین نہ کریں۔ اس طرح کے ملٹی لیول مارکیٹنگ یا چین سسٹم اکثر پوری طرح فراڈ ہوتے ہیں۔ اگر کوئی مشکوک افراد یا اسکیمیں نظر آئیں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں اور شکایت درج کرائیں تاکہ مزید لوگوں کو دھوکہ دہی سے بچایا جاسکے۔