ایڈیشنل کلکٹر سدی پیٹ کا دواخانوں کا دورہ، ریکارڈ کا معائنہ
حیدرآباد۔ کورونا مریضوں کے علاج کیلئے خانگی ہاسپٹل میںمقررہ شرحوں سے زیادہ چارجس کی وصولی پر ایڈیشنل کلکٹر سدی پیٹ مزمل خاں نے ہاسپٹل حکام کو رقم واپس کرنے کی ہدایت دی۔ ایڈیشنل کلکٹر نے سدی پیٹ کے مختلف خانگی دواخانوں کا دورہ کرکے کورونا مریضوں کی علاج کی سہولتوں اور وصول کئے جانے والے چارجس سے معلومات حاصل کی۔ ایک خانگی ہاسپٹل میں انہیں اس بات کی شکایت ملی کہ حکومت کی جانب سے طئے کردہ شرحوں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانی شرحیں حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ہاسپٹل کے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر اضافی رقم مریضوں کو واپس کردیں۔ مزمل خاں نے ہاسپٹل حکام کو انتباہ دیا کہ اگر مستقبل میں ایسی کوئی شکایت ملتی ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایڈیشنل کلکٹر نے سدی ونائیک ہاسپٹل کا دورہ کیا اور مکمل ریکارڈس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈسچارج کئے جارہے مریضوں سے بل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ دورہ کے موقع پر ہاسپٹل کے مالک موجود نہیں تھے اور انہوں نے ایڈیشنل کلکٹر کو 10 منٹ تک انتظار کیلئے مجبور کردیا۔ ہاسپٹل کے مکمل ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد مزمل خاں نے زائد چارجس کی مکمل رقم واپس کرنے کی ہدایت دی۔ اس دورہ کے بعد سدی پیٹ کے دیگر خانگی دواخانوں کے بارے میں مریضوں کے رشتہ داروں کی جانب سے شکایات کا آغاز ہوچکا ہے۔