ممبئی ۔آدمی جب ذہنی تناؤ کا شکار ہوتا ہے تو وہ اپنی زندگی کے خاتمہ کا بھی سوچ لیتا ہے اور خود کشی کا یہ ذہن صرف عام یہ غریب آدمی ہی نہیں بناتا ہے بلکہ بالی ووڈ کے کئی سوپر اسٹارس نے بھی انکشاف کیا ہے کہ کبھی انہوں نے خود کشی کرنے کا سوچ لیا تھا ۔ خود کشی کا ذہن بنانے والوں کی اس فہرست میں نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم سے لیکر اپنے دور کے ڈسکو ڈانسر متھن چکروتی کے نام شامل ہیں ۔ دنگل کی مشہور اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی اپنے انسٹاگرام کے ذریعے انکشاف کیا کہ وہ ڈپریشن کے برے دور سے گزر چکی ہیں۔ جس میں وہ خودکشی کا بھی سوچنے لگی تھی ۔ اداکارہ 12 سال کی عمر سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔ تاہم اب زائرہ وسیم فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔ بالی ووڈ میں اپنے قدم جمانے کے لیے ہر کوئی ممبئی کا رخ کرتا ہے لیکن بہت ہی کم خوش قسمت افراد کو کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ حالانکہ ہر کوئی اس کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ کریئر میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب کچھ سمجھ نہیں آتا اورانسان ہمت ہارجاتا ہے ایسا ہی ایک مرحلہ بالی ووڈ کے ناموراداکار ڈسکو ڈانسرمتھن چکرورتی کی زندگی میں بھی آیا اور اس وقت انہوں نے سوچا تھا کہ وہ خودکشی کرلیں گے۔متھن چکرورتی نے خود یہ انکشاف ایک ٹی وی چینل کودئیے گئے انٹرویو میں کیا، 1980 اور1990 کے دہے میں ہرکوئی اپنے گھر میں ڈسکو ڈانس کی دھنیں بجاتا تھا جس کا سحر شائقین کے سر چڑھ کر بولتا تھا۔ متھن چکرورتی نے اپنے فلمی کیریئر میں کئی سوپرہٹ فلمیں دی ہیں۔ اپنی جد و جہد کے دنوں کو یاد کرکے متھن چکرورتی نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر میں بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ اداکار نے ان لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا میں نے بہت جد وجہد کی۔انھوں نے کہا کہ جدوجہد کے دنوں کے بارے میں بات نہ کرنا اچھی بات ہے کیونکہ اس سے ان نئے اداکاروں کی حوصلہ شکنی ہو سکتی ہے ہرکوئی جدوجہد کے مرحلے سے گزرتا ہے لیکن میری جدوجہد بہت زیادہ تھی۔ مزید متھن چکرورتی نے کہا کبھی کبھی مجھے لگا کہ میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر پاؤں گا۔ میں نے خودکشی کا بھی سوچا تھا۔