زخمی بین اسٹوکس آئی پی ایل سے باہر

   

ممبئی ۔ انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس بائیں ہاتھ کی انگلی ٹوٹنے کے سبب انڈین پریمیئر لیگ کے رواں سیزن سے باہر ہو گئے ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے اسٹوکس کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں زخمی ہوئے۔انہوں نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی کنگز الیون پنجاب کی اننگز کے 10ویں اوور میں کرس گیل کا کیچ لینے کے لیے چھلانگ لگائی تھی اور اسی کوشش میں بائیں ہاتھ کی انگلی تڑوا بیٹھے۔راجستھان رائلز کی جانب سے جاری بیان میں زخم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ بدقسمتی سے اسٹوکس کی انگلی ٹوٹ گئی ہے جس کی وجہ سے وہ انڈین پریمیئر لیگ 2021 کے باقی میچز میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ فرنچائز نے کہا کہ انگلش آل راؤنڈر وطن واپس نہیں لوٹ رہے اور ٹیم کے ہمراہ ہی موجود رہیں گے تاکہ ٹورنمنٹ میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔بیان میں آل راؤنڈر کے متبادل کے جلد اعلان کا اشارہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسٹوکس کو راجستھان رائلز میں سب بہت پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ فرنچائز کا انتہائی اہم اثاثہ ہیں اور ہم ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔