زخمی شکیب کی دوسرے ٹسٹ میں شمولیت غیر یقینی

   

کانپور ۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سیریز کا پہلا میچ جیتنے والی ٹیم انڈیا کی نظریں بنگلہ دیش کے کلپ سویپ پر ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی ٹیم سیریزکو برابری پر ختم کرنے کی کوشش کرے گی لیکن اہم میچ سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کے کانپور ٹسٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔ شکیب الحسن نے زخمی ہونے کے ساتھ چنئی ٹسٹ کھیلا۔ شکیب کو گزشتہ ونڈے ورلڈ کپ کے دوران بائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگی تھی۔ سیریز کے پہلے میچ میں بھی انہیں انگلی میں درد محسوس ہوا۔ اس کے علاوہ وہ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے بھی مشکل میں تھے۔ ایسی صورتحال میں شکیب الحسن اب دوسرے ٹسٹ میچ سے قبل ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سلیکٹر حنان سرکار نے کہا شکیب ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں۔ جب وہ پلیئنگ الیون میں ہوتا ہے تو ہمارے لیے ٹیم کمبی نیشن بنانا آسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکیب نے بڑا اسکور نہیں کیا، لیکن وہ ٹیم کے توازن کے لیے ہمیشہ اہم ہوتے ہیں۔ شکیب الحسن کے لیے چنئی ٹسٹ کچھ خاص نہیں تھا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں صرف 8 اوور کئے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کی۔ ساتھ ہی بیٹنگ میں بھی وہ صرف 32 رنز ہی بنا پائے۔ اس کے بعد انہوں نے دوسری اننگز میں 13 اوورز کئے اور اس بار بھی انہیں کامیابی نہیں ملی۔ میچ کی آخری اننگز میں بھی وہ صرف 25 رنز ہی بنا سکے۔