اعلیٰ عہدیدار تحفظ سے محروم، پولیس خاموش تماشائی
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کاغذ نگر میں ٹی آر ایس قائدین کے حملہ میں زخمی خاتون فاریسٹ رینج آفیسر انیتا کی عیادت کی جو حیدرآباد کے ایک دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے بھائی کی قیادت میں کئے گئے حملہ کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت عہدیداروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کے بھائی اور دیگر خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اراضیات پر قبضہ میں ملوث ہیں اور خاتون عہدیداروں پر حملوں سے گریز نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ مقام واقعہ پر موجود 40 تا50 ملازمین پولیس نے حملہ کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کس طرح غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ جنگلات کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تحفظ کیلئے پہنچنے والے عہدیداروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے ۔ اگر یہی صورتحال رہی تو ٹی آر ایس قائدین کی داداگری چلتی رہے گی اور وہ جنگلاتی اراضیات کو فروخت کردیں گے ۔ زخمی عہدیدار نے ہنمنت راؤ کو واقعہ کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت کو تفصیلات سے آگاہ کرچکی ہیں۔