زخمی فیڈرر2020 سیزن سے باہر

   

بیسل۔10جون (سیاست ڈاٹ کام )20 مرتبہ کے گرانڈ سلام فاتح سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر دائیں گھٹنے میں چوٹ کی وجہ سے2020 کے باقی سیزن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔38 سالہ سوئس ماسٹرکی فروری میں سرجری ہوئی تھی۔ کورونا وائرس کے سبب ٹینس نہیں کھیلا جاسکا ہے ۔ تاہم توقع ہے کہ اگست کے آخر میں یو ایس اوپن سے ٹینس کی شروعات ہونے کا امکان ہے ۔ یو ایس اوپن کا آغاز31 اگست سے ہوگا جبکہ فرنچ اوپن20 ستمبر سے کھیلا جانا ہے ۔فرنچ اوپن کا انعقاد مئی میں ہونا تھا لیکن اس کو ستمبر تک ملتوی کردیا گیا تھا۔فیڈرر نے ٹویٹر پر کہا کہ میں آپ سبھی سے 2021 کے سیزن میں ملوں گا۔ جیسا کہ میں نے2017 کے سیزن میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیا تھا ویسے ہی میں اپنے اعلی سطح پرکھیلنے کے لئے صدفیصد تیار ہونے کے لئے ضروری وقت لینے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔ واضح رہے کہ2016 میں ، فیڈرر گھٹنے میں چوٹ کی وجہ سے زیادہ ترسیزن نہیں کھیل سکے تھے لیکن 2017 میں واپسی کے ساتھ ہی انہوں نے آسٹریلین اوپن اورومبلڈن کا خطاب جیتا تھا۔فیڈرر نے اپنا آخری میچ اس سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ کے خلاف کھیلا تھا جہاں انہیں شکست ہوئی تھی۔