پونے : انگلش ٹیم کے کپتان ایان مورگن اور سام بلینکس کی دوسرے ونڈے میں شرکت غیریقینی ہے جیسا کہ جمعہ کو ہندوستان کے خلاف رواں سیریز کا دوسرا مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ پہلے مقابلے میں شکست کے بعد کپتان کا زخمی ہونا مہمان ٹیم کیلئے ایک بری خبر ہے ۔ انگلینڈ کو پہلے مقابلے میں 66 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور اس مقابلے کے دوران مورگن کو انگوٹھے اور بازو کی اُنگلی کے درمیان مار لگا ہے جس پر انھیں چار ٹانکے بھی لگانے پڑے۔ علاوہ ازیں سام کو باؤنڈری روکنے کے دوران گردن میں زخم آیا ہے ۔ پہلے ونڈے کے بعد مورگن نے اپنے زخم کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ 48 گھنٹوں کا انتظار کررہے ہیں جس کے بعد حالات کا جائزہ لیا جائے گا اور اُمید ہیکہ جمعہ کو ہونے والے دوسرے مقابلے سے قبل حالات بہتر ہوجائیں گے ۔ مورگن جنھوں نے صرف 22 رنز ہی اسکور کئے تھے اور انگلینڈ کی ٹیم پہلے ونڈے میں ہندوستان کی جانب سے کامیابی کیلئے دیئے جانے والے 318 رنز کے نشانے کے تعاقب میں 251 رنزپر آؤٹ ہوگئی ۔