اوول ۔یکم اگست (ایجنسیز) مانچسٹر ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کو جس تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، اب انگلینڈ کو اوول ٹسٹ میں بھی اسی درد کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دراصل اس میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنے تجربہ کار فاسٹ بولرکرس ووکس کو کھو دیا ہے۔ کرس ووکس اوول ٹسٹ کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو ئے۔ جس کے بعد ان کا معائنہ کیا گیا اور اب میڈیکل ٹیم نے انہیں زخمی قرار دے دیا ہے۔ یعنی کرس ووکس اب اوول ٹسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ کرس ووکس کی عدم موجودگی انگلینڈ کے لیے بڑا دھکا ہے کیونکہ ٹیم صرف چار بولروں کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور اب ووکس کے زخمی ہونے کی وجہ سے یہ تعداد تین ہوگئی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اوول کی پچ پر ووکس کافی خطرناک ثابت ہو رہے تھے۔ انہوں نے کے ایل راہول کا وکٹ بھی لیا لیکن اب یہ کھلاڑی بولنگ نہیں کر سکے گا جس کی وجہ سے انگلینڈ کو بڑا نقصان اٹھانا یقینی ہے۔ تاہم ووکس ٹیم کی ضرورت کے مطابق بیٹنگ کے لیے آسکتے ہیں۔ جیسے رشبھ پنت چوتھے ٹسٹ میں چوٹ کے باوجود بیٹنگ کے لیے میدان پر آئے تھے۔