زراعت سے منسلک شعبہ جات کی ترقی ملک گیر سطح پر مثالی

   

کریم نگر میں یوم کسان تقریب کا انعقاد، ریاستی وزیر سیول سپلائز گنگولا کملاکر کا خطاب

کریم نگر۔ 4 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تاسیس تلنگانہ کے دس سالہ جشن کے تحت بروز ہفتہ کریم نگر منڈل درشیڈ دیہات کے رعیتو ویدیکا میں منعقدہ یوم کسان تقریب میں ریاستی وزیر گنگولا کملاکر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صبح درشیڈ پہنچے وزیر نے بنڈی کے ذریعہ رعیتو ویدیکا تک کا سفر کیا ۔ یوم کسان کے ضمن منعقدہ پروگرام کا قومی ترانے سے آغاز کیا گیا۔ وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی کا بھیجا ہوا پیام زرعی عہدیداران نے پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں وزیر گنگولا کملاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سپاہی ملک کے تحفظ کیلئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں اسی طرح ملک کو ملک کو غذا کی فراہمی کیلئے مسلسل محنت کرتے ہیں۔ تاسیس تلنگانہ کے دس سال کی تکمیل کے ضمن 21 دن تک دہائی تقاریب کا انعقاد کیا جارہاہے۔ تیار کردہ لائحہ عمل کے مطابق 2 جون کو شہدا کو خراج عقیدت پیش کر پرچم کشائی کی گئی۔ 3 جون سے 22 جون تک متعدد تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ تاسیس تلنگانہ سے قبل کسانوں کو کاشت کیلئے پانی دستیاب نہ تھا ۔ آج ریاست کے ہر گز تک آبپاشی کیلئے وافر مقدار میں پانی دستیاب ہے۔ کھیتی کیلئے درپیش ایک اور مسئلہ سرمایہ کاری ہے۔ کسانوںکے مسائل کے حل کیلئے رعیتو بھیما ، رعیتو بندھو اسکیمات کو متعارف کیا گیا۔ سال 2014 تا 2015 موسم برسات و یاسنگی میں ضلع کریم نگر میں جملہ 167483 ایکر رقبہ کاشت سے بڑھ کر سال 2022 تا 2023 میں رقبہ کاشت 637885 پائی گئی۔ تلنگانہ میں زراعت بیکار نہی تہوار ہے۔ریاست تلنگانہ میں زراعت و زراعت سے منسلک شعبہ جات کی ترقی ملک گیر سطح پر مثالی ہے۔اس پروگرام میں کسانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے کسانوں کے ہمراہ ظہرانہ کیا۔ اس اجلاس میں آر ڈی او آنند کمار ، ضلع زرعی عہدیدار سریدھر ، ڈی سی او سریمالا ، مارکٹنگ عہدیدار پدماوتی ، ایریگیشن ایس ای شیوا پرساد ، مارکٹنگ کمیٹی چئیرمین ریڈی وینی مدھو ، سرپنچ ، تحصیلدار و دیگر نے شرکت کی۔