وزیر نرنجن ریڈی نے افتتاح کیا، آئی ٹی اور زرعی پیداوار میں تلنگانہ کو نمایاں مقام
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر زراعت تلنگانہ نرنجن ریڈی نے حیدرآباد میں انٹر نیشنل سیڈ ٹسٹنگ اتھاریٹی کا افتتاح کیا جس کی تحقیقی سرگرمیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں زراعت کے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ راجندر نگر میں عالمی طرز کی یہ لیباریٹری قائم کی گئی ہے۔ 7000 کروڑ کے خرچ سے 14652 مربع گز اراضی پر لیباریٹری تعمیر کی گئی۔ حال ہی میں اس لیباریٹری کو عالمی سطح کی شناخت حاصل ہوئی ہے۔ ملک میں عالمی نوعیت کی یہ دوسری زرعی تحقیق کی لیباریٹری ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ اس لیباریٹری سے امید کی جاسکتی ہے کہ تلنگانہ میں زرعی شعبہ پیداوار میں اضافہ میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے ذریعہ فصلوں کو منافع بخش بنانے میں سہولت ہوگی۔ وزیر نے کہا کہ عالمی طرز کی لیباریٹری کے قیام سے حیدرآباد عالمی نقشہ پر اُبھرے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ کو ملک میں سرفہرست بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں تلنگانہ کو ملک میں دوسرا مقام حاصل ہے۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ آبپاشی کی سہولتوں اور ضرورتوں کی تکمیل کیلئے کے سی آر نے پراجکٹس تعمیر کئے ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ کے بعد ملنا ساگر ذخیرہ آب تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے سائینسدانوں سے کہا کہ وہ زراعت کیلئے فائدہ بخش ریسرچ انجام دیں ۔ اس موقع پر سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، رکن اسمبلی راجندر نگر پرکاش گوڑ اور دیگر قائدین موجود تھے۔ر