زراعت و پسماندہ شعبوں پر بھی صنعتی گھرانوں کی توجہ ضروری:گڈکری

   

نئی دہلی، 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے صنعتی گھرانوں سے ملک کی ہمہ جہت ترقی کیلئے صنعتی شعبوں کے ساتھ زراعت اور پچھڑے علاقوں میں ترقی کیلئے کام کرنے کی درخواست کی ہے ۔مسٹر گڈکری نے ہندوستانی صنعتی تنظیم (سی آئی آئی) کی قومی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے صنعتی ترقی بہت ضروری ہے لیکن ہماری بڑی آبادی زراعت پر منحصر ہے اس لئے زرعی شعبہ میں کیسے ترقی دی جاسکتی ہے اس کیلئے بھی صنعتی گھرانوں کو کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ پچھڑے علاقوں کی ترقی سب کی ذمہ داری ہے اس لئے اس طرف بھی توجہ کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش نئی تکنیک کے استعمال سکے زیادہ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے اس کیلئے ٹریننگ مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ صنعتی گھرانے اس کام میں آگے آئیں گے تو حکومت مدد کرے گی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہے اس کیلئے تکنیکی ترقی اور ماہر ملازموں کی ٹیم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کیلئے کارپوریٹ گھرانوں کو بھی سامنے آنا چاہئے ۔ صنعت گھرانے اس کام میں جو بھی مدد کرنا چاہیں گے حکومت ان کو اجازت دے گی اور حکومت کی طرف سے مدد بھی کی جائے گی۔مسٹر گڈکری نے کہا کہ حکومت روایتی صنعتوں کو ترقی دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ روایتی کام کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھے اس کیلئے ان کو مہارت کی بنیاد پر ترقی دی جارہی ہے ۔ مہارت کے مراکز کے ذریعہ ملازموں کو جدید تکنیک کی ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ ملک کے روایتی پیداواروں کو عالمی سطح کا بنایا جاسکے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔