ممبئی ۔ آل انڈیا کسان سبھا نے آج کہا کہ وہ دہلی میں جاری کسانوں کے احتجاج میں حصہ لے گی ۔ یہ احتجاج مرکزی حکومت کے تیار کردہ نئے زرعی قوانین کے خلاف کیا جا رہا ہے ۔ ناسک میںآل انڈیا کسان سبھا کے قائدین اجیت نوالے اور اشوک دھوالے نے کسان احتجاج میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر سنٹر برائے انڈین ٹریڈ یونین کے ریاستی صدر ڈاکٹر ڈی ایم ڈارر اور سنیل مالوسارے موجود تھے ۔ مسٹر دھوالے نے کہا کہ مرکز نے جو تین قوانین تیار کئے ہیں ان کا مقصد کارپوریٹس کو کسانوں کی قیمت پر نفع حاصل کرنے کا موقع دینا ہے ۔ اس کی مخالفت کرنے آل انڈیا کسان سبھا کے قائدین 21 ڈسمبر کو ناسک سے روانہ ہونگے اور دہلی میں جاری احتجاج میںشامل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کسان اس احتجاج میںشامل ہونے کی امید ہے ۔