زرعی بلز کے خلاف آج کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

   

حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ اسمبلی اجلاس طلب کرکے مرکز کے زرعی بلز کو مسترد کرنے قرارداد منظور کریں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی بلز کے خلاف جمعہ کو ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ منڈل اور اسمبلی حلقوں کی سطح پر کانگریس قائدین احتجاج منظم کریں گے اور کسانوں سے دستخطی مہم کا آغاز ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں مرکز کے تینوں زرعی بلز کے خلاف قرارداد منظور کی جانی چاہئے ۔ ٹی آر ایس نے پارلیمنٹ میں بلز کی مخالفت کی لیکن بی جے پی کے خلاف احتجاج سے گریز کر رہی ہے۔ چیف منسٹر اگر کسانوں کی تائید میں سنجیدہ ہیں تو انہیں اسمبلی میں قرارداد منظور کرنی چاہئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے مجسمہ یا پھر ضلع کلکٹریٹس کے روبرو جمعہ کو احتجاج منظم کیا جارہا ہے۔ پارٹی کے تمام سینئر قائدین احتجاج میں شریک ہوں گے۔ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ایم پی سنگا ریڈی میں احتجاج کی قیادت کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے زرعی بلز کی کے سی آر کی جانب سے مخالفت کو محض دکھاوا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ہر موڑ پر نریندر مودی کی تائید کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے کسانوں سے جو وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔