زرعی ترقی کو یقینی بنانے عصری ٹکنالوجی کے استعمال کا جائزہ

   

ٹی ناگیشور راؤ وزیر زراعت کا محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں زرعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کسانوں کو تخم کی فراہمی کے علاوہ انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے متعلق اقدامات کئے جائیں گے۔ریاستی وزیر زراعت مسٹر ٹی ناگیشور راؤنے آج اپنے محکمہ کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں کے سربراہان کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے علاوہ ان کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ہدایا ت جاری کی۔انہو ںنے عہدیدارو ںکو مشورہ دیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کی مدد اور ان کی زراعت کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکیمات سے کسانوں کو مستفید کرتے ہوئے انہیں عصری ٹیکنالوجی سے مربوط زراعت کو یقینی بنانے میں مدد کی جاسکے۔ریاستی وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت زرعی شعبہ کی ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کے طور پر نئی ٹیکنالوجی کو روشناس کرواتے ہوئے شعبہ کی ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے اور موجودہ اسکیمات کے ساتھ ساتھ ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے طویل و مختصر مدتی منصوبوں کی تیاری ناگزیر ہے تاکہ کسانوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے انہیں عصری سہولتوں سے لیس کیا جاسکے۔3