زرعی شعبہ کو برقی سربراہ کے مسئلہ پر کھلے مباحث کا چیلنج

   

رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریاست میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی سے متعلق حکومت کے دعویٰ کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کسی بھی علاقہ میں 12 تا 13 گھنٹے سے زائد برقی کی سربراہی نہیں ہے جبکہ حکومت 24 گھنٹے بلا وقفہ سربراہی کا دعویٰ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی سب اسٹیشنوں کے ریکارڈ کے مطابق ریاست میں کسی بھی ضلع میں 24 گھنٹے کا نظم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے دورہ کے موقع پر کے سی آر کانگریس پر تین گھنٹے برقی سربراہی کا الزام عائد کر رہے ہیں جبکہ خود ان کی حکومت 24 گھنٹے سربراہی میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مفت برقی سربراہی کا آغاز کانگریس دور حکومت میں ہوا ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ برقی کٹوتی کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔ نلگنڈہ کے کئی منڈلوں سے کسانوں نے 6 گھنٹے سربراہی کی شکایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی فصلوں کو بچانے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر بھروسہ کرنے والے کسان نقصانات کا سامنا کر رہے ہیں۔ رعیتو بندھو کی امدادی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع نہیں کی گئی ۔ کسانوں کے قرضہ جات کے بجائے صرف سود کی رقم معاف کی گئی ہے ۔ رکن پار لیمنٹ نے کہا کہ وہ برقی سربراہی کے مسئلہ پر حکومت سے کھلے مباحث کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کے سی آر مختلف اعلانات کر رہے ہیں۔