زرعی ‘غیر زرعی اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ پر آج سے عمل آوری

   

حیدرآباد ۔ 31 جنوری ( سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں زرعی و غیر زرعی اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ کرنے احکامات جاری کئے ہیں ۔ نظرثانی شدہ قیمتوں پر یکم فبروری سے عمل آوری ہوگی ۔ ڈاکومنٹس حوالے کرنے اور رجسٹریشن فیس ادا کرنے والوں کو نئی قیمتوں سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہیں قدیم مارکٹ قدر کے لحاظ سے رجسٹریشن کئے جائیں گے ۔ ریاست کے 141 سب رجسٹرار دفاتر میں منگل سے نئی مارکٹ قدر پر عمل آوری ہوگی ۔ واضح رہے کہ حکومت نے زرعی اراضیات کی قیمت میں 50 فیصد تک پلاٹس اور اپارٹمنٹس کی مارکٹ قدر میں 35 فیصد تک اضافہ کرنے احکام جاری کئے ہیں ۔ ریویژن آف مارکٹ ویلیوس گائیڈ لائین اینڈ رولس 1998 کے تحت حکومت نے مارکٹ قدر پر نظر ثانی کی اور اس کیلئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی بھی عمل میں لائی ہے ۔ یکم فبروری سے رجسٹریشن کے چارجس میں بھی اضافہ ہوگا ۔ اراضیات کی مارکٹ قدر اور رجسٹریشن چارجس میں اضافہ کرنے کی اطلاعات کے بعد گذشتہ ایک ہفتہ سے رجسٹرار دفاتر پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ شہر ہو یا اضلاع عوام بڑے پیمانہ پر اراضیات کا رجسٹریشن کرانے دفاتر کے چکر لگا رہے تھے ۔ ایک ساتھ بھاری تعداد میں رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے سے رجسٹریشن دفاتر میں تکنیکی مسائل بھی پیدا ہوئے جس کی وجہ سے کئی لوگوں کا رجسٹریشن کرانے کا عمل مکمل نہیں ہوا ۔ ان تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے یکم فبروری سے قبل رجسٹریشن کی فیس ادا کرنے والوں کو یکم فبروری کے بعد بھی رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم انہیں نئے رجسٹریشن چارجس اور مارکٹ قدر سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ن