15 جنوری کو راج بھون کا گھیراؤ، اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کسانوں کے حق میں پارٹی احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے سوریا پیٹ میں ایک بڑے احتجاجی پروگرام سے خطاب کیا۔ سوریا پیٹ ہیڈکوارٹر پر ضلع کانگریس کمیٹی نے مرکز اور ریاست کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف دھرنا منظم کیا تھا ۔ ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر دھرنا منظم کیا گیا جس میں عوامی نمائندوں اور سینئر قائدین نے حصہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے مرکز سے زرعی قوانین واپس لینے کی مانگ کی اور کہا کہ گزشتہ 45 دنوں سے کسان دہلی کے قریب احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت کو کسانوں کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے کسان حکومت کی نئی پالیسی اور قوانین سے متاثر ہوں گے۔ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت سے محروم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے نریندر مودی نے کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کردیا۔ اتم کمار ریڈی نے کسانوں کے مسائل پر کے سی آر پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں زرعی قوانین کی مخالفت کا ڈرامہ کیا گیا اور بھارت بند کی تائید کی گئی۔ دہلی میں نریندر مودی سے ملاقات کے بعد چیف منسٹر کا موقف تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر یو ٹرن لیتے ہوئے کے سی آر نے تلنگانہ میں مرکزی قوانین پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے مرکزی قوانین کے خلاف قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو ریاست میں کسانوں کی پیداوار کے خریدی مراکز کو بحال کرنا چاہئے ۔ حکومت کو ہر گاؤں میں موجود فصلوںکی خریدی کے مراکز کو بند کردیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے حق میں اپنا احتجاج جاری رکھے گی اور 15 جنوری کو راج بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی ان کے مطالبات کی یکسوئی تک احتجاج جاری رکھے گی۔