نئی دہلی : مرکزی کابینہ میں آج زرعی قوانین تنسیخ بل 2021ء کو منظوری دیدی جس کے ذریعہ تین متنازعہ زرعی قوانین کی منسوخی ہوگی، جس کا اعلان وزیراعظم نریندر مودی نے 19 نومبر کو کیا تھا۔ یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ لوک سبھا بلٹن میں گذشتہ روز ہی اس بل کو ایجنڈہ پر شامل کرلیا تھا۔ وزیراعظم مودی کا اعلان ایک سال طویل کسانوں کے ایجی ٹیشن کے بعد سامنے آیا۔ کسانوںنے تینوں متنازعہ قوانین کی تنسیخ کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے احتجاج میں استقامت کا مظاہرہ کیا اور آخر کار کامیاب ہوئے۔