نئی دہلی : دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رام ویر سنگھ بدھوڑی اور جنوبی دہلی ضلع بی جے پی کے صدر روہتاش کمار کی رہنمائی میں اتوار کو زرعی اصلاحات قوانین کی حمایت میں جنوبی دہلی کے تگڑی گاؤں سے جیت پور گاؤں کے درمیان بہت بڑی کسان ٹریکٹر ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر بدھوڑی نے زرعی اصلاحات قوانین کو تاریخی قرار دیا اور کہاکہ اس کے ذریعہ سے کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوگی اور زرعی پیداوار میں بھی زبردست اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان نئے قوانین کے نفاذ ہونے سے زرعی شعبہ میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہونے کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔ریلی میں شریک کسانوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی حمایت میں زبردست نعرہ بازی کی اور نئے زرعی قوانین کا زبردست طریقے سے خیرمقدم اور حمایت کا اعلان کیا۔ گاؤں والوں نے درجنوں مقامات پر پھول برسا کر ریلی میں شریک کسانوں کا خیرمقدم کیا۔
