ڈائرکٹر جنرل پولیس کا تیقن، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کی نمائندگی
حیدرآباد ۔31 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ریاست میں زرعی پیداواری اشیاء کیلئے بیج سربراہ کرنے والی تنظیم کے نمائندوں نے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے ملاقات کی اور بیج کی سربراہی کے سلسلہ میں لاک ڈاؤن کے سبب درپیش مسائل سے واقف کرایا ۔ تنظیم کے نمائندوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں نہ صرف تلنگانہ بلکہ دیگر ریاستوں سے بیج کی منتقلی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ تلنگانہ میں 400 سیڈ پروسیسنگ یونٹ ہیں جن سے تقریباً تین لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچتا ہے ۔ دھان ، تور کی دال ، کاٹن جیسی فصلوں کے بیج کو پراسیس کر کے ملک بھر میں سربراہ کیا جاتا ہے ۔ ایسے وقت جبکہ مختلف فصلیں کٹوتی کیلئے تیار ہیں، کسانوں کو فوری طور پر نئے بیج کی ضرورت ہے تاکہ نئی فصل بو سکیں۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں ٹرانسپورٹ کے مسائل پیدا کئے ہیں۔ حکومت نے بعض اضلاع میں رعایتوں کا اعلان کیا ہے لیکن یہ ناکافی ہے۔ پولیس بندوبست کے نتیجہ میں ورکرس پراسیسنگ یونٹ پہنچنے سے قاصر ہیں۔ ملک بھر میں درکار 80 فیصد بیج تلنگانہ سے سربراہ کئے جاتے ہیں۔ موجودہ حالات کے سبب ملک بھر میں زرعی شعبہ کیلئے بحران کی صورتحال پیدا ہوگی۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے بات چیت کی اور بیج کی سربراہی میں رعایتوں کی درخواست کی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس میں ڈی آئی جی ، سومتی کو نوڈل آفیسر کی حیثیت سے مقرر کیا جو بیج سربراہ کرنے والوں کے مسائل کی یکسوئی کریں گی۔ سومتی نے تنظیم کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دشواریوں کا بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر زراعت نرنجن ریڈی کے علاوہ ونود کمار سے تنظیم کے نمائندوں نے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر اسوسی ایشن کے نمائندوں جی وی بھاسکر راؤ ، اے ایس این ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔