ممبئی : ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل چوتھے ہفتے بڑھتے ہوئے 588 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ۔ریزرو بینک آف انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل کو اختتام پزیر ہفتے میں ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر3.91 ارب ڈالربڑھ کر 588.02 ارب ڈالر پرپہنچ گئے ، جو تین ماہ کی بلند ترین سطح ہے ۔ اس سے قبل 23 اپریل کواختتام پزیر ہفتہ میں یہ 1.70 ارب ڈالر بڑھ کر 584.11 بلین ڈالر پر تھے ۔مرکزی بینک نے بتایا کہ 30 اپریل کواختتام پزیر ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑے جزو غیر ملکی کرنسی کے اثاثے 4.41 ارب ڈالر بڑھ کر 546.06 ارب ڈالر پر پہنچ گئے ۔ تاہم اس دوران سونے کے ذخائر 50.5 کروڑ ڈالر کم ہو کر 35.46 ارب ڈالر رہ گئے ۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پاس مختص فنڈ 20 لاکھ ڈالر بڑھ کر 4.99 ارب ڈالر اور خصوصی ڈرائنگ رائٹس 30 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 1.51 ارب ڈالر رہا ۔