زعفرانی پارٹی میں شمولیت کے بعد ایٹالہ راجندر کی زبان زہر آلودہ

   

پکوان گیس کی قیمتوں میں پھر اضافہ پر تشویش ، کسانوں پر حملے کی مذمت : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے پھر ایکبار پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت غریب اور متوسط طبقہ کو پریشان کررہی ہے جب کہ ٹی آر ایس حکومت ریتو بندھو اسکیم ، ریتو بیمہ ، دلت بندھو ، شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی کے علاوہ 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کرتے ہوئے زرعی شعبہ کو ترقی دے رہی ہے ۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے عوام ہی فیصلہ کریں کہ انہیں ہر چیز مفت دینے والی ٹی آر ایس پارٹی چاہئے یا قیمتوں میں اضافہ کرنے والی بی جے پی چاہئے ۔ اسمبلی حلقہ حضور آباد کے مختلف مقامات پر ٹی آر ایس پارٹی کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے ہریش راؤ نے ان خیالات کا اظہارکیا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ زعفرانی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد ایٹالہ راجندر کی زبان زہر آلود ہوگئی ہے جس کا وہ بیجا استعمال کررہے ہیں ۔ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں پر حملہ کیا گیا ان کے سر پھوڑ دئیے گئے اور بری طرح زخمی کردیا گیا ۔ احتجاج کرنے والے کسانوں کے خلاف آنسو گیس اور ربر بلٹ کا استعمال کیا گیا وہیں تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے سارے ملک میں مثالی کام کررہے ہیں مرکزی حکومت زرعی موٹرس کو برقی میٹرس لگانے پر زور دے رہی ہے جب کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کسانوں کو 24 گھنٹے مفت معیاری برقی سربراہ کررہی ہے ۔ حضور آباد کی ترقی صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے ۔ اور وہ اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس 20 سال سے ٹی آر ایس میں ہے انہوں نے تلنگانہ کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ ان کے خلاف 130 مقدمات درج ہوئے اور وہ 20 دن چنچل گوڑہ جیل اور 10 دن چرلہ پلی جیل بھی جاچکے ہیں ۔ ایسے کام کرنے والے قائد کو کامیاب بنانے کی ضرورت ہے ۔ 7 سال تک وزارت پر قائم رہنے کے باوجود ایٹالہ راجندر نے حضور آباد کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔ چار ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات منظور ہوئے ایک بھی مکان تعمیر نہیں کروایا ۔ ٹی آر ایس تمام مکانات تعمیر کروائے گی اور جن کے پاس اراضی ہے انہیں مکان تعمیر کرنے کے لیے فنڈز بھی فراہم کرے گی ۔۔N