زلزلہ سے متاثرہ دیہات کے عوام کی حوصلہ افزائی

   

بیدر رکن اسمبلی بنڈیا قاسم پور کا منگلگی دورہ اور حالات سے آگاہی
بیدر۔ سال 2021کا آخری دن منگلگی دیہات کے رہائشیوں کے لئے خوفناک دن رہا۔ذرائع کے بموجب 31؍ڈسمبر کی دوپہر اور شب میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے پریشان ہوکر منگلگی کی عوام سڑکوں پر نکل آئی۔ فوری طورپرتعلقہ انتظامیہ اور اپنے اپنے سیاسی قائدین کو فون کیاگیا۔ فوری طورپر ہمناآباد ایم ایل اے کے فرزند ابھیشیک پاٹل نے منگلگی پہنچ کر عوام کی خیریت دریافت کی اور ان کی ڈھارس بندھائی ، جبکہ یکم جنوری کی شام 6:30بجے رکن اسمبلی بیدر جنوب جناب بنڈپاقاسم پور بھی منگلگی پہنچے۔ ان ہی کے اسمبلی حلقہ میں منگلگی گرام پنچایت بھی آتی ہے۔ جس وقت رکن اسمبلی بنڈپاقاسم پور منگلگی پہنچے پی ڈی او محترمہ سنگیتا ان کے استقبال کے لئے موجودتھیں۔ منگلگی گرام پنچایت میں بیٹھ کر رکن اسمبلی نے زلزلے کے جھٹکے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر اراکین گرام پنچایت جناب اسمعیل پٹیل، محمد پٹیل ، گنڈپا ، سریمنت اور گاؤں والوں میں قدوس ، ببلو اور دیگر افرادموجودتھے۔ اس بات کی اطلاع جناب عبدالقدیرلشکری نے دیتے ہوئے کہاکہ گرام پنچایت رکن محمد پٹیل نے اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ ان کے گاؤں کو رکن اسمبلی پہنچے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال ہی سے ہمناآباد اور چٹگوپہ تعلقہ جات کے کئی ایک دیہات میں زلزلے کے جھٹکے اور زیر زمین سے مختلف قسم کی خوفناک آوازیں محسوس کی جارہی ہیں۔جس کا کوئی ٹھوس حل ابھی تک حکومت نے نہیں نکالاہے۔