زلزلہ متاثرین کیلئے 85 ملین ڈالر کی امریکی امداد

   

نیویارک : امریکی ادارہ برائے ترقی (یو ایس ایڈ) نے جمعرات کو اعلان میں بتایا ہے ’’کہ امریکہ، ترکیہ اور شام کو پیر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد 85 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔‘‘امدادی ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ فنڈز متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے شراکت داروں کو ادا کیے جائیں گے تاکہ لاکھوں لوگوں کو ضروری ہنگامی امداد فراہم کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں تباہی اور مصائب کا پیمانہ ناقابل تصور ہے۔ اس امداد کا مقصد ضرورت مندوں کو پناہ، خوراک، ادویہ اور دیگر انتہائی ضروری امداد فراہم کرنا ہے‘‘۔ “USAID پناہ گزینوں اور نئے بے گھر ہونے والے لوگوں کو خوراک اور پناہ گاہ کا ہنگامی سامان فراہم کر رہا ہے۔ خاندانوں کو سردی سے بچاؤ میں مدد کیلئے موسم سرما کا سامان، صدمہ سے باہر نکالنے سے متعلق صحت کی اہم خدمات، بیماریوں سے بچاؤ کیلئے پینے کا صاف پانی، حفظان صحت اور صفائی کی امداد فراہم کر رہا ہے تاکہ زلزلے سے متاثرہ خاندان محفوظ رہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاووش اوگلو کو فون کال میں ترکیہ کی مسلسل حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے زلزلہ کے بعد ترکی اور شام میں امداد فراہم کرنے کیلئے امریکی کوششوں کو جاری رکھنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔