اسلام آباد ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد امریکہ، طالبان امن معاہدے پر عمل درآمد کرانے کی کوششوں کے سلسلے میں ایک بارپھر متحرک ہیں۔خلیل زاد جمعرات کی شب دوحہ میں طالبان رہنماؤں سے ملاقات کے بعد نئی دہلی پہنچے۔ جہاں انہوں نے اعلیٰ ہندوستانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کے مطابق خلیل زاد پاکستان بھی آئیں گے جہاں وہ پاکستانی حکام سے ملاقات میں افغان امن عمل بارے تبادلہ خیال کریں گے۔زلمے خلیل زاد ایسے وقت میں خطے کے مختلف ملکوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ جب قیدیوں کے تبادلے میں التوا اور افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں اضافے سے افغان امن عمل تعطل کا شکار ہے۔
