موٹر گاڑی کو شدید نقصان، موبائیل فون پانی میں بہہ گیا، عوام سے مدد کا طلب گار
حیدرآباد۔10۔اگسٹ(سیاست نیوز) شہر میں گذشتہ شب ہوئی موسلادھار بارش کے دوران Zomato ڈیلیوری بوائے کے طور پر خدمات انجام دینے والے سید فرحان نالہ میں بہنے سے محفوظ رہے لیکن ان کی موٹر سیکل کو شدید نقصان پہنچنے کے علاوہ وہ اپنے 20 ہزار روپئے مالیت کے موبائیل فون سے محروم ہوگئے ۔ سید فرحان جو کہ سنتوش نگر کے ساکن ہیں نے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے ایک ویڈیو میں بتایا کہ وہ کھانے کی ڈیلیوری کے لئے روانہ ہوئے تھے لیکن کھلے نالہ میں جہاں سے نالہ اوپر سے پانی بہہ رہا تھا اس میں گر پڑے جس کے نتیجہ میں ان کی 1لاکھ 20ہزار مالیت کی موٹرسیکل کو شدید نقصان پہنچا اور 20 ہزار مالیت کا فون بہہ گیا لیکن بڑی مشکل سے انہیں مقامی عوام نے بہنے سے بچالیا۔ ٹی کے آر کمان جلیل گوڑہ ‘ شکتی نگر میں پیش آئے حادثہ کے دوران سید فرحان لوگوں کی مدد سے اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے لیکن اس غریب ڈیلیوری بوائے کو جو کہ 6سال سے ZOMATO کمپنی کے ساتھ کام کر رہا ہے شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہو ںنے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو اپیل کے دوران عوام سے اپیل کی کہ وہ دوبارہ کام شروع کرنے کے لئے ان سے تعاون کریں کیونکہ ان کی موٹر سیکل مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا دکے حدود میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے عوام کو گھروں میںرہنے کی اپیل کے باوجود ڈیلیوری بوائے کے طور پر خدمات انجام دینے والے کو کمپنیوں کی جانب سے ڈیلیوری کے لئے مجبور کئے جانے اور ان پر ٹارگٹ کا دباؤ بنائے جانے کے نتیجہ میں پیش آنے والے اس حادثہ پر مختلف گوشوں سے سخت تنقید کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے کہ ZOMATO کو سید فرحان کو ہونے والے نقصان کی پابجائی کرنے کے علاوہ ان کو مزید اضافی رقومات کی فراہمی کے ذریعہ تعاون کیا جانا چاہئے کیونکہ سید فرحان ساکن سنتوش نگر نے موسلادھار بارش کے دوران اپنی جان ایسے وقت جوکھم میں ڈالتے ہوئے ڈیلیوری پہنچانے کی کوشش کی ہے جب مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے شہریوں کو گھروں سے نہ نکلنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ZOMATO کے ذریعہ عارضی طور پر روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ پیش آنے والے حادثات اور اس طرح کے واقعات پر ان کے لئے آواز اٹھانے والی تنظیم کے صدر جناب شیخ صلاح الدین نے ZOMATO کمپنی سے مطالبہ کیا کہ اس حادثہ کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سید فرحان کو ہونے والی نقصان کی پابجائی کی جائے اور انہیں دوبارہ روزگار سے منسلک کرنے کے فوری طور پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثہ کا شکار ہونے والا نوجوان روزگار سے محروم نہ رہے ۔3