زمبابوے اور نیپال کی رکنیت بحال

   

دبئی۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے زمبابوے اور نیپال کی رکنیت بحال کردی جس کے تحت زمبابوے کی ٹیم آئندہ برس جنوری میں مینز انڈر 19ورلڈ کپ میں شرکت کی اہل ہو گئی ہے۔گورننگ باڈی کے چیئرمین ششانک منوہراور چیف ایگزیکٹو مانو ساہنی کی زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین ٹوینگا موکولانی،زمبابوین وزیر کھیل کرسٹی کووینٹری کے علاوہ اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن کمیشن کے سربراہ جیرالڈ ملوٹشووا سے ملاقات کامیاب رہی جس کے بعد زمبابوین انڈر19کرکٹ ٹیم آئندہ برس جنوری میں انڈر19 ورلڈ کپ میں شرکت کی اہل ہو گئی جبکہ اسے2020 میں شروع ہونے والی آئی سی سی سوپرلیگ میں بھی شرکت کا موقع مل جائے گا۔ زمبابوین کرکٹ کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے سبب آئی سی سی نے رواں برس جولائی میں زمبابوے پر پابندی عائد کردی تھی۔ نیپال کو بھی حکومتی مداخلت اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات نہ کروانے پر 2016 میں معطل کیا گیا تھا تاہم رواں ماہ کے آغاز میں کرکٹ اسوسی ایشن آف نیپال کے 17 رکنی سینٹرل ورکنگ کمیٹی انتخابات کے بعد نیپالی بورڈ کی آئی سی سی میں مشروط واپسی کو اس طرح قابل عمل بنایا گیا ہے کہ نیپال کی اسوسی ایشن رکنیت کے اصولوں کی مکمل پاسداری کرے۔