نوٹنگھم ۔21 مئی (آئی اے این ایس): زمبابوے 22 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر انگلینڈ کی سرزمین پر ٹسٹ میچ کھیلے گا، جب وہ 22 مئی کو ٹرینٹ برج میں بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا۔انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے نئے سائیکل کا فاتحانہ آغازکرنے کی کوشش کرے گی، جبکہ زمبابوے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد اس واپسی کو یادگار بنانے کی امید رکھتا ہے۔ زمبابوے نے آخری بار2003 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جہاں میزبان ٹیم نے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2000 میں (جہاں انگلینڈ نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی) اور 97 1996 -میں آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں سیریز ڈرا پر ختم ہوئی تھی۔انگلینڈ اس موقع کو نئے کھلاڑیوں کو آزمانے اور مختلف اشتراک کو جانچنے کے لیے استعمال کرے گا کیونکہ ایک مصروف موسم گرما کا سیزن اس کا منتظر ہے۔ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے، جن میں سیم کوک کو شاندارکاؤنٹی سیزن اور انگلینڈ لائنز کے ساتھ حالیہ کارکردگی کے بعد پہلی بار ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ناٹنگھم شائرکے فاسٹ بولر جوش ٹنگ 2023 کی ایشز سیریز کے بعد ٹسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں، جس سے مقامی شائقین کی دلچسپی بڑھی ہے۔ بین اسٹوکس اس اسکواڈ کی قیادت کریں گے جس میں بین ڈکیٹ، جو روٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک جیسے سینیئر بیٹرس شامل ہیں، جبکہ جیمز ریو، جیمی اسمتھ اور شعیب بشیر جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑی اپنے مواقع کا انتظارکررہے ہیں۔ زمبابوے کی جانب سے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ کلائیو مداندے بطور دوسرے وکٹ کیپر واپس آئے ہیں۔ فاسٹ بولر نیومن نیامہوری نے لیگ اسپنر ونسنٹ ماسیکیسا کی جگہ لی ہے، جس سے زمبابوے نے انگلینڈ کی سوئنگ حالات سے فائدہ اٹھانے کے لیے فاسٹ بولنگ پرانحصارکیا ہے۔کپتان کریگ اروائن کی قیادت میں زمبابوے کا اسکواڈ شان ولیمز اور بلیسنگ مزرابانی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوںپر بھی انحصارکرے گا، جو 22 سال بعد انگلینڈ میں ٹسٹ میچ کھیلنے کا موقع پا رہے ہیں۔
انگلینڈ:بین اسٹوکس (کپتان)، گس ایٹکنسن، شعیب بشیر، ہیری بروک، سیم کوک، جیمز ریو، زیک کرالی، بین ڈکیٹ، اولی پوپ، میتھیو پوٹس، جو روٹ، جیمی اسمتھ، جوش ٹنگ۔ زمبابوے:کریگ اروائن (کپتان)، برائن بینیٹ، بین کرن، ٹریور گوانڈو، کلائیو مداندے، ویسلی مادیویری، ویلنگٹن ماساکدزا، بلیسنگ مزرابانی، رچرڈ نگراوا، نیومن نیامہوری، وکٹر نیاوچی، سکندر رضا، تفاضوا تسیگا، نکولس ویلچ، شان ولیمز۔