ابوظہبی ۔ افغانستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 48 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ابوظبی میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں افغانستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا تھا۔تین میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں اوپنر رحمٰن اللّٰہ گْرباز نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 45 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔افغانستان کی پہلی وکٹ 80 کے اسکور پر گری، نمبر تین پر آنے والے اصغر افغانی نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔افغان اوپنر کریم جنت 26 رنز کے بعد کوئی اور بیٹسمین دْہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا، افغانستان نے 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 198 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 7 وکٹ پر 150 رنز ہی بناسکی، تیناشے کمن ہکاموے 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔کپتان شان ولیمز اور سکندر رضا نیفی کس 22 رنز بنائے جبکہ افغانستان کے اسٹار بولر راشد خان نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔فرید احمد اورکریم جنت نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم میچ میں دلکش اننگز کھیلنے والے رحمٰن اللّٰہ کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔افغانستان اور زمبابوے کے درمیان جاری سیریزکا دوسرا میچ 19 مارچ کو ہوگا۔یاد رہے زمبابوے اور افغانستان کے درمیان اِس سے قبل دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جس میں زمبابوے میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے مقابلہ میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن دوسرے مقابلہ میں افغانستان نے کامیابی کے ساتھ سیریز کو برابر کیا۔