ابھیشک شرما کی دھواں دھار سنچری‘5 میاچس کی سیریز 1-1سے برابر
ہرارے ، 07 جولائی (یو این آئی) ابھیشیک شرما کی سنچری (100) اور رتوراج گائیکواڈ ناٹ آؤٹ (77) اور رنکو سنگھ ناٹ آؤٹ (48) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت ہندوستان نے دوسرے ٹی-20 میچ میں زمبابوے کو100رنز سے ہراکر پہلے میاچ کی شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔ اس طرح 5میاچس کی سیریز 1-1سے برابر ہوگئی ہے۔زمبابوے کی ٹیم جیتنے کے لیے اتوار کو 235 رنز کے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے 18.4اوور س میں 134رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔آج ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آج کے میچ میں ہندوستانی بیٹنگ کا طوفانی انداز تھا اور جہاں پہلے 10 اوورز میں انڈیا نے 74 رنز بنائے ۔ اگلی 60 گیندوں پر 160 رنز جوڑے ۔ بلے بازی کے لیے آنے والے ابھیشیک شرما اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی کی شروعات اچھی نہیں رہی، دوسرے ہی اوور میں بلیسنگ مزارابانی نے شبھمن گل (2) کو برائن کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے رتوراج گائیکواڈ نے ابھیشیک شرما کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور دوسری وکٹ کے لیے 137 رنز جوڑے ۔ 14ویں اوور میں ویلنگٹن مساکاتجا نے ابھیشیک شرما کو میئرز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اس شراکت کو توڑا۔ ابھیشیک شرما نے طوفانی انداز میں 47 گیندوں میں سات چوکے اور آٹھ چھکے لگا کر 100 رنز بنائے ۔ رتوراج گائیکواڈ نے 47 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ رنکو سنگھ 22 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، انہوں نے دو چوکے اور پانچ چھکے لگائے ۔ اس طرح ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں پر 234 رنز بنائے ۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی اور ویلنگٹن مساکاتجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔زمبابوے کی طرف سے کوئی بھی مظاہرہ نہیں کرسکا ۔ صرف ویز لی43رنز بنا سکے۔ مکیش کمار اور اویس خاں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 ، 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔کل کھیلے گئے پہلے میچ میں ہندوستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور میزبان زمبابوے کے خلاف ٹیم کو 13 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس ہار کے بعد مختلف گوشوں سے تنقیدیں کی جارہی تھیں کہ ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی کے بعد پہلی سیریز میں ٹیم انڈیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن دوسرے میچ میں ٹیم نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کردی ۔