ہرارے۔ رحمت شاہ کے 94 رنز اور محمد نبی کی چار وکٹوں کی بدولت افغانستان نے میزبان زمبابوے کو یہاں پہلے ونڈے میچ میں 60 رنز سے شکست دی۔ افغانستان نے 2014 سے اب تک زمبابوے کے خلاف پانچ ونڈے سیریز کھیلی ہیں اور ایک بھی نہیں ہاری ہے۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں مہمان ٹیم نے ایک بار پھر خود کو مضبوط دعویدار کے طور پر ثابت کیا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 276 رنز بنائے اور پھر میزبان ٹیم کو 216 رنز پر ڈھیرکردیا۔ شاہ اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے محتاط آغاز کے بعد دلکش شاٹس کھیلے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے181 رنز جوڑے اور اس دوران نصف سنچریاں بھی بنائیں۔شاہ نے اپنی 120 گیندوں کی اننگز کے دوران فاسٹ بولروں اور اسپنرز سے اچھی طرح نپٹتے ہوئے سات چوکے اور تین چھکے لگائے۔ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شاہدی نے 104 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے۔شاہ اور شاہدی دونوں کو فاسٹ بولر بلیسنگ مجربانی نے پویلین بھیجا جنہوں نے 52 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں۔ انڈین پریمیئر لیگ میں لکھنؤ سبپر جائنٹس کے لیے نیٹ بولر کا کردار ادا کرنے کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔جواب میں زمبابوے کی ٹیم کوئی بڑی شراکت نہ کر سکی۔ آف اسپنر نبی نے 34 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ آل راؤنڈر سکندر رضا نے 67 رنز کے ساتھ شکست کا فرق کم کیا لیکن اسٹار لیگ اسپنر راشد خان کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے پیر کو کھیلا جائے گا۔