زمبابوے کے سابق ڈائرکٹر ایکوپے پر 10 سالہ پابندی

   

دبئی۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی پر زمبابوے کرکٹ کے سابق ڈائریکٹر اینوپ ایکوپے پر تمام طرزکی کرکٹ میں شرکت پر 10سالہ پابندی عائد کر دی۔ واضح رہیکہ اینوپ ایکوپے پر سزا کا اطلاق اینٹی کرپشن یونٹ کی اس تحقیق کے بعد کیا گیا جسکے تحت اکتوبر 2017 میں زمبابوے کے کپتان گرائم کریمرکو زمبابوے کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک عہدیدار راجن نائر نے بدعنوانی کی پیشکش کی تھی۔ تحقیق کے دوران اینٹی کرپشن یونٹ کو حاصل شدہ معلومات کے دوران اینوپ ایکوپے کے مشتبہ کردارکا بھی علم ہواجنہوں نے بدعنوانی سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔ آئی سی سی کے مطابق اینوپ ایکوپے زمبابوین کرکٹ کے ڈائریکٹر اور ہرارے میٹروپولیٹن کرکٹ اسوسی ایشن کے چیئرمین کی حیثیت سے گورننگ باڈی کی تحقیق میں تعاون کے پابند تھے لیکن انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کی مدد سے انکار کرنے کیساتھ وہ معلومات اور دستاویزات فراہم نہیں کیں جو ان سے جنوری 2018 میں طلب کی گئی تھیں جبکہ انہوں نے اپنا زیراستعمال فون بھی دینے سے گریز کیا۔