حیدرآباد ۔ 31 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت وعدوں کی پابند ہے۔ دسہرے کے بعد ذاتی اراضی رکھنے والے غریب عوام کو مکانات کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے سدی پیٹ کے گجویل منڈل کے دو مواضعات میں ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کرتے ہوئے استفادہ کنندگان میں مکانات کے حوالے کئے۔ اس کے بعد گجویل مہاتی آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب میں نئے پنشن کے اہل افراد میں آسرا پنشن کی منظوری سے متعلق دستاویزات حوالے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے دورحکومت میں مکانات کی تعمیر کیلئے تین اقساط میں 60 ہزار روپئے ادا کئے جاتے تھے۔ اس میں 10 ہزار روپئے رشوت قائدین کو دی جاتی تھی۔ اس کے بعد 40 ہزار روپئے بطور قرض مکاندار کو ادا کرنا پڑتا تھا یعنی حکومت کی جانب سے صرف 10 ہزار روپئے ہی ادا کئے جاتے تھے جبکہ ٹی آر ایس کے دورحکومت میں چیف منسٹر کے سی آر غریب عوام کو شہروں اور دیہی علاقوں میں مفت میں ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کررہے ہیں۔ ذاتی مکانات کیلئے غریبوں کا جو خواب ہے اس کو ٹی آر ایس حکومت شرمندہ تعبیر کررہی ہے۔ بغیر کسی مصارف کے غریب عوام کو مختلف فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہنچانے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، صدرنشین ایف ڈی سی وی پرتاپ ریڈی، ڈی سی سی بی صدرنشین دیویندر ریڈی، ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ن