بالاسور ( اوڈیشہ ) 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج اپنے انتہائی عصری کوئیک ری ایکشن زمین سے فضا میں وار کرنے کی صلاحیت والے دو میزائیلس کا کامیاب تجربہ کیا ۔ ڈی آر ڈی او نے کامیابی سے دو میزائیلوں کی پرواز انجام دی ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئیک ری ایکشن میزائیلوں کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جو زمین سے فضاء میں وار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ تجربہ اوڈیشہ میں چندی پورہ سے کیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ اس سارے مشن کی مختلف طریقوں سے نگرانی کی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ میزائیل کسی بھی موسم میں کسی بھی نظام کے تحت کام کرسکتے ہیں اور بہت مختصر وقت میں یہ کارروائی کی صلاحیت کے بھی حامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ان میزایئلس میں عصری آلات نصب ہیں۔ اس کی صلاحیت 25 سے 30 کیلومیٹر کے فاصلے تک کی ہے ۔
سچن پائلٹ یا جیوتر آدتیہ سندھیا کو صدر کانگریس بنانے پر زور
ممبئی 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کانگریس کے صدر ملند دیورا نے آج کہا کہ پارٹی صدارت کیلئے نوجوان قائدین سچن پائلٹ یا پھر جیوتر آدتیہ سندھیا کے ناموں پر غور کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے پی ٹی آ:ی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ کے اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں کہ کانگریس کا نیا صدر نوجوان ہونا چاہئے اور اس میں انتخابی اور انتظامی و تنظیمی صلاحیتیں ہونی چاہئیں اور سارے ملک میں ان کی شناخت ہونی چاہئے ۔ ملند دیورا نے کہا کہ ان کے خیال میں سچن پائلٹ اور جیوتر آدتیہ سندھیا میں یہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ پارٹی کو استحکام اور جوش و جذبہ بھی فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس دوڑ میں قطعی شامل نہیں ہیں ۔ وہ صرف پارٹی کے مفاد میں کام کرنے کو تیار ہیں اور پائلٹ و سندھیا کے ناموں پر غور کیا جانا چاہئے ۔