زندگی میں سب نے اکیلا چھوڑدیا :سلینا

   

ممبئی، 25 نومبر (آئی اے این ایس) بالی ووڈ اداکارہ سلینا جیٹلی نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک نہایت مشکل مرحلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شوہر پیٹر ہوگ کے خلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ دائرکرنے کے بعد وہ تنہا رہ گئیں اور کسی نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سلینا نے لکھا اپنی زندگی کے سب سے شدید اور طوفانی دور میں، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے یہ جنگ اکیلے لڑنی پڑے گی، بغیر والدین کے، بغیر کسی سہارے کے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن ایسا بھی آئے گا جب میری دنیا کی چھت کو تھامنے والے تمام ستون میرے والدین، میرا بھائی، میرے بچے اور وہ شخص جس نے وعدہ کیا تھا کہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑا رہے گا سب میرے ساتھ نہیں ہوں گے ۔ اکیلے لڑنے کے اس سفر نے انہیں اپنے اندر چھپی مضبوط عورت سے متعارف کروایا۔ زندگی نے مجھ سے سب کچھ چھین لیا… جن لوگوں پر بھروسہ تھا وہ چھوڑ کر چلے گئے… جن وعدوں پر یقین تھا وہ خاموشی سے ٹوٹ گئے لیکن یہ طوفان مجھے ڈبو نہیں سکا۔ اس نے مجھے نئی زندگی دی… اس نے مجھے ہنگامہ خیز موجوں سے نکال کرگرم ریت پر لا کھڑا کیا۔ اطلاعات کے مطابق سلینا دہلی کی عدالت بھی گئی تھیں، جہاں انہوں نے اپنے بھائی، میجر (ریٹائرڈ) وکرانت جیٹلی، کی مدد کی درخواست کی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے بھائی کو متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر اغوا اور حراست میں رکھا گیا ہے۔ سلینا نے مزید لکھا میری ترجیح اپنے فوجی بھائی کے لیے لڑنا ہے، اپنے بچوں کی محبت کے لیے لڑنا ہے، اپنی عزت کے لیے لڑنا ہے۔ میرے خلاف ہونے والی تمام زیادتیوں اور چھوڑکر چلے جانے کے واقعات کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت درج کروائی گئی ہے۔ اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا یہ سال مجھے توڑے گا نہیں… یہ سال وہ ہوگا جب میں طوفان سے اوپر اٹھوں گی… یہ سال وہ ہوگا جب میں وہ سب کچھ واپس حاصل کروں گی جو مجھ سے چھینا گیا۔ سلینا نے آسٹریا کے کاروباری شخص اور ہوٹل انٹرپرینیور پیٹر ہوگ سے 23 اگست 2011 کو کورٹ میرج کی تھی۔ مارچ 2012 میں دونوں کے یہاں جڑواں بیٹے پیدا ہوئے جن کے نام ونسٹن اور ویراج رکھے گئے۔ پانچ سال بعد2017 میں ایک بار پھر ان کے یہاں جڑواں بیٹوں کی پیدائش ہوئی شمشیر اورآرتھر۔