زندگی میں کبھی اتنی موسلا دھار بارش نہیں دیکھی : کے ٹی آر

,

   

فصلوں کی تباہی کا جائزہ ، وزیر بلدی نظم و نسق کا تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بیان
حیدرآباد۔ ’’میں نے اپنی زندگی میں اتنی شدید موسلا دھار بارش نہیں دیکھی ‘‘ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل کے اجلاس کے دوران ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں بارش کی صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بارش کے سبب جو فصلیں تباہ ہوئی ہیں ان کا جائزہ لیا جا رہاہے اور شہر حیدرآباد میں ہونے والی بارش کی تباہ کاریوں سے راحت پہنچانے کے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ایوان میں اپنے خطاب کے دوران حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے علاوہ این ڈی آر ایف کو طلب کئے جانے کے فیصلہ سے واقف کروایا اور بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فوری اثر کے ساتھ راحت کاری کاموں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بلدی عملہ کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیدار متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے لگے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے بھی راحت کاری خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔