حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے سینیئر قائد جگا ریڈی نے زندگی میں دوبارہ کبھی ’سنگاریڈی ‘ حلقہ سے مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ جگا ریڈی نے اپنے سنسنی خیز ریمارکس کے ذریعہ تمام کانگریس قائدین کے علاوہ سنگاریڈی کے عوام کو حیرت میں مبتلاء کردیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں دوبارہ کبھی حلقہ سنگا ریڈی سے مقابلہ نہیں کریں گے اور اگر ان کی اہلیہ بھی اس حلقہ سے مقابلہ کرتی ہیں تو وہ ان کیلئے انتخابی مہم نہیں چلائیں گے بلکہ کسی اور حصہ میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے لیکن حلقہ سنگاریڈی سے نہ مقابلہ کریں گے اور نہ انتخابی مہم چلائیں گے۔ جگاریڈی نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں راہول گاندھی نے ان کی کامیابی کیلئے انتخابی مہم چلائی تھی اور راہول گاندھی نے جو کوشش کی تھی اسے ناکام بناتے ہوئے عوام نے نہ صرف ان کی بہ حیثیت امیدوار بلکہ راہول گاندھی کی توہین کی ہے۔ جگاریڈی نے بتایا کہ انہیں راہول گاندھی کامیاب بنانے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر مہم چلاتے رہے لیکن سنگاریڈی کے بعض سرکردہ دانشوروں اور اہم شخصیات نے انہیں ناکام بنایا ہے۔ جگاریڈی نے جذباتی ریمارکس میں کہا کہ ان کی اسمبلی انتخابات میں شکست کیلئے عوام نہیں بلکہ وہ دانشور ذمہ دار ہیں جو خاموشی سے ان کے خلاف مہم چلاتے ہوئے انہیں اسمبلی میں پہنچنے سے روکنا چاہتے تھے۔انہو ںنے بتایا کہ سنگاریڈی سے وہ اپنی شکست سے شرمندہ نہیں ہیں۔3
بلکہ راہول گاندھی کی خواہش کو پورا کرنے میں ناکام ہونے کی وجہ سے وہ یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ آئندہ زندگی میں کبھی وہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلہ نہیں کریں گے۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات 2023 میں راہول گاندھی نے ان کی کامیابی کیلئے سنگاریڈی پہنچ کر عوام سے ملاقات کی اور ان کیلئے انتخابی مہم چلاکر ان پر اعتماد کا اظہار کیا لیکن وہ راہول گاندھی کے اعتماد پر پورے نہیں اتر پائے ہیں اسی لئے انہوں نے اس حلقہ میں پارٹی کے کام کرنے اور مقابلہ سے گریز کا فیصلہ کیا ہے اگر کوئی اور حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلہ کرتا ہے تو وہ اس کیلئے انتخابی مہم بھی چلائیں گے اور کامیاب بنانے کوشش بھی کریں گے لیکن وہ یا ان کی اہلیہ نرملا کیلئے وہ نہ مقابلہ کا ارادہ رکھتے ہیں اور نہ انتخابی مہم چلانے کے حق میں ہیں۔3