عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے امتحانات کے موقع پر مفتی خلیل احمد ‘ کینیڈا و برطانیہ سے آئے دانشوروں اور دیگر معززین کے تاثرات
٭ تلنگانہ ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں کے 512 مراکز میں ایک لاکھ امیدواروں کی شرکت
٭ غیر مسلم طلباء و طالبات کی بھی
اُردو سے دلچسپی، 50 سال کے
افراد بھی شامل
حیدرآباد ۔9 فبروری (سیاست نیوز) عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے اُردو امتحانات کا آج شہر حیدرآباد‘ تلنگانہ کے مختلف اضلاع ‘ کرناٹک ‘ مہاراشٹرا ‘ جنوبی وشمالی ہند کے 512 مراکز‘ گلبرگہ‘ میسور ‘ لاتور ‘ چٹگوپہ ‘ بیدر‘ بسوا کلیان منتھنی پر انعقاد عمل میں آیا ۔ قومی سطح پر منعقدہ اردودانی ‘ اردو زبان دانی اور انشاء میں چھوٹے بچوں ‘ لڑکیوں ‘ خواتین ‘ سرکاری عہدیداروں ریسرچ اسکالرز کے بشمول مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے زائد از ایک لاکھ امیدواروں نے ان امتحانات میں شرکت کی ۔ ادارہ سیاست محبوب حسین جگر ہال میں زائد از 100 طلبا و طالبات ‘ خواتین ‘ ریسرچ اسکالرز اور انگلش و تلگو میڈیم کے طلبہ نے امتحان میں شرکت کی ۔ ان امتحانات کے معائنہ کے لئے بیرون ملک کے مہمان ڈاکٹر یاسمین عسکر فی سبیل اللہ آرگنائزیشن کینیڈا‘ جناب حمید نظام تاجر و امور برائے افغانستان حال مقیم لندن ‘ جناب غلام یزدانی سینئر ایڈوکیٹ‘ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست ‘ جناب ظہیرالدین علی خان مینیجنگ ایڈیٹر سیاست ‘ ڈاکٹر محمد ناظم علی موظف پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ ‘ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو این ٹی آر ڈگری کالج محبوب نگر ‘ جناب ارشد ‘ جناب باقر ‘ سید عبدالعزیز ریسرچ اسکالر ‘ شیخ نظام الدین لیئق اسٹاف فوٹو گرافر سیاست موجود تھے ۔ ادارہ سیاست پرشری نینی پوسٹ ڈاکٹورل ریسرچ اسکالر اردو انشاء کا امتحان لکھ رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سلاطین آصفیہ حیدرآباد پر انہوں نے تحقیقی کام کیا ہے ۔ اردو زبان کی شیرینی نے انہیں اردو سیکھنے کی جانب راغب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اردو غزل کو پسند کرتی ہیں ۔ اردو گنگاجمنی تہذیب کی علمبردار زبان ہے ۔ محمد یونس سلیم ڈپٹی جنرل منیجر واٹر ورکس حیدرآباد اردو امتحانات لکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلگو میڈیم کے طالب علم تھے ۔ اب سرکاری ملازمت میں آنے کے بعد عربی اور اردو سیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اپنے بچوں کو بھی ان امتحانات میں شریک کرائیں گے ۔ محمد عبدالرحمن خالد جے این ٹی یو سے کمپیوٹر سائینس میں ماسٹر کئے ہیں اب اردو انشاء کا امتحان لکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کینیڈا کی ایک کمپنی میں ملازم ہیں اور اپنے ساتھیوں کو اردو سیکھائیں گے ۔ ننھی طالبہ امرین اپنی والدہ کے ساتھ اردو امتحان لکھ رہی ہیں ۔ انہوں نے روانی کے ساتھ اردو پڑھنا سیکھا ہے ۔ جناب حمید نظام نے کہا کہ ادارہ سیاست فروغ اردو کا اہم کام کر رہا ہے ۔ زبان کے ساتھ تہذیب وابستہ ہے ۔ اور ہندوستان گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار ملک ہے ۔ ان کا تعلق ایران سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو میں فارسی کے اثرات بھی ہیں ۔ ڈاکٹر یاسمین عسکر کینیڈانے خواتین اور لڑکیوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ ایک ماں اپنے بچوں کو اردو کے ساتھ تہذیب سکھانے کا کام کر رہی ہے ۔ اور ادارہ سیاست اس کے لئے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے ۔ سید عبدالعزیز ریسرچ اسکالر نے ایک بزرگ شخص محمد نورالدین سے بات کی جن کی عمر 50 سال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس سے ملازمت رہی ۔ اعلی تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں ‘ انگریزی کے ساتھ اردو ضروری ہے ۔ ہم اردو بولتے تو ہیں لیکن لکھنا نہیں آتا ۔ جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے کہا کہ عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے یہ امتحانات اردو رسم الخط اور زبان کے تحفظ اور فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے ادارہ سیاست کے مرکز پر اردو امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباسے بات کی اور طمانیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو سیکھنے سے اردو میں موجود دینی معلومات کا ذخیرہ نئی نسل تک پہونچے گا ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ زندگی کے ہر شعبے اور ابنائے وطن تک اردو کو عام کیا جائے ۔ ادارہ سیاست کے یہ امتحانات اس سلسلے کی اہم کڑی ہیں ۔جناب محبوب حسین جگراور جناب عابد علی خان کی یاد میں اردو امتحانات کا جو پودا لگایاگیا تھا آج جناب زاہد علی خان ‘ جناب ظہیرالدین علی خان ‘ جناب عامر علی خان اور ادارہ سیاست کی کاوش سے ایک تناور درخت بن گیا ہے ۔ اور اب یہ عالمی سطح پر اردو تعلیم کو عام کر رہے ہیں ۔ محمد زبیر شاہ عالم خان انجنیئرنگ کالج سے بی ٹیک کے طالب علم ہیں اور انشاء کا امتحان لکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری مادری زبان اردو ہے لیکن اردو پڑھ لکھ نہیں سکتے ۔ اسی لئے میں اردو سیکھ رہا ہوں اور اردو اخبارات کا مطالعہ کرنا چاہتا ہوں ۔محمد ذاکر پاشاہ مدرسہ رحمن شاہین نگر سے حفظ کر رہے ہیں ۔ اردو جانتا ہوں روانی نہیں اس لئے اردو سیکھ رہا ہوں ۔ قرآن کے ساتھ حدیث شریف پر اردو میں عبورہو اس لئے اردو زبان دانی کا امتحان لکھ رہا ہوں ـ ۔ آگے اردو میڈیم سے اعلی تعلیم حاصل کروں گا ۔ امتحانی مراکز کے معائنہ کے لئے علحدہ علحدہ روٹ ماہرین اور دانشوروں کی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے مراکز پر معائنہ کرتے ہوئے شریک امیدواروں کے تاثرات کے ساتھ ان کی دلچسپی کا مشاہدہ کیا۔ ان میں نفیسہ خان ‘ ڈاکٹر سید ہ نسیم سلطانہ ‘ ڈاکٹر جہانگیر احساس ‘ سید عبدالعزیز ‘ ڈاکٹر ممتاز مہدی ‘ ڈاکٹر جاوید کمال ‘ ڈاکٹر مسعود جعفری ‘ لطیف الدین لطیف ‘ ڈاکٹر نکہت آراء شاہین‘ میر قادر علی خان ‘ سید مبارک اللہ برکت محمد طاہر رومانی‘تبسم آراء ‘ محمد محمود ‘ ڈاکٹر ناظم علی ڈاکٹر اسلم فاروقی ‘ شیخ نظام الدین لئیق ‘ حیات حسین حبیب ‘ڈاکٹر بشیر ‘ شیخ محمد اسماعیل‘ محمد عبدالنعیم اور دیگر شامل ہیں ۔ (