درخواست گذار کو راحت ، اپل پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : /25 فبروری (سیاست نیوز) اراضی پر قبضہ کیلئے زندہ خاتون کو مردہ ثابت کرنے والی خاتون اس کی بیٹی بشمول تین خواتین کو اپل پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایک سازش کو ناکام بناتے ہوئے ضعیف خاتون کو راحت فراہم کی ۔ اپل پولیس نے متاثرہ 71 سالہ خاتون پی ورا لکشمی کماری ساکن آر کے پورم کتہ پیٹ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 33 سالہ بی جوتی ، 19 سالہ کماری بی ونیلا ساکنان چرچ کالونی جو ماں بیٹی کے علاوہ 27 سالہ بالا جوتی ساکن چلکا نگر اپل کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ فرضی دستاویزات اور جعلی سرٹیفکیٹ کی تیاری میں مزید 9 افراد شامل ہیں ۔ اپل چرچ کالونی کے سروے نمبر 74 اور 75 میں شکایت گزار خاتون کا پلاٹ نمبر 276 ، 267 مربع گز پر مشتمل پلاٹ واقع ہے اس پلاٹ کو اس خاتون نے ایک ہاؤزنگ سوسائیٹی کی جانب سے خریدا تھا اور اس پلاٹ کو حصار بندی کروائی تھی ۔ جوتی کی اس پلاٹ پر نظر تھی اس نے انکوائری اور اس کو پتہ چلا کہ اس پلاٹ پر 4 سال سے کوئی آتا جاتا نہیں ۔ اس نے چند افراد کی مدد سے پلاٹ کی تفصیلات حاصل کی اور شکایت گزار خاتون کا گجویل منڈل کے بیارم گرام پنچایت سے ڈیڈ سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور اپنے آدھار کارڈ میں تبدیلی کرواتے ہوئے خود کو اس پلاٹ کی قانونی وارث ظاہر کرنے کا لیگل سرٹیفکیٹ تیار کرلیا اور اس پر حق جتاتے ہوئے اپنی بیٹی کے نام پر گفٹ ڈیڈ کردی جب اس پلاٹ کی حقیقی مالک شکایت گزار خاتون نے اپنے پلاٹ کا رخ کیا تو اس کو وہاں سے ہٹادیا گیا ۔ اس بات سے پریشان ہوکر خاتون نے اپل پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ان تینوں خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ ع