زوبین گرگ: 16 اپوزیشن جماعتوں کا عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

   

گوہاٹی۔ 4 اکتوبر (ایجنسیز) آسام کی 16 اپوزیشن جماعتوں نے گوہاٹی میں مشترکہ اجلاس کے دوران معروف گلوکار اور ثقافتی شخصیت زوبین گرگ کی موت کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ اجلاس رائجور پارٹی کے رکن اسمبلی اکھیل گوگوئی کی قیادت میں منعقد ہوا۔خیال رہے کہ زوبین گرگ کی 19 ستمبر کو سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کے دوران ڈوبنے سے موت ہو گئی تھی۔ وہ نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول میں پرفارم کرنے گئے تھے۔ سنگاپور پولیس نے موت کی وجہ ڈوبنا قرار دی لیکن آسام میں کچھ حلقوں نے شبہ ظاہر کیا اور دوسری مرتبہ پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔اجلاس میں تمام جماعتوں نے اتفاق کیا کہ زوبین گرگ کی موت کی عدالتی تحقیقات، فیسٹیول منتظمین کے مالی معاملات کی جانچ اور ایک پارلیمانی سطح کی تمام جماعتوں کا اجلاس طلب کیا جائے۔ اکھیل گوگوئی نے بتایا کہ 19 اکتوبر کو ریاست بھر میں فنکاروں اور شہریوں کے ساتھ ریلیاں اور یادگار پروگرام منعقد ہوں گے۔سی پی آئی ایم کے رکن اسمبلی منورنجن تعلق دار نے زور دیا کہ تحقیقات اعلیٰ عدالت کی نگرانی میں 90 دن کے اندر مکمل ہونی چاہیے، ورنہ یہ غیر منصفانہ شمار کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔