زویریو،گوفن کو شکست،نشیکوری کی پیشقدمی

   

بارسلونا۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اسپین میں جاری بارسلونا اوپن کا دوسرا راؤنڈ سیڈڈ پلیئرز پر بھاری پڑ گیا جب نمبر دو سیڈ الیگزینڈر زویریو کو چلی کے نکولس جیری نے 3-6، 7-5 اور 7-6، نمبر دس سیڈ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن کو جرمنی کے یان لینارڈ اسٹرف نے 7-6 اور 6-3 جبکہ نمبر چودہ سیڈ امریکہ کے فرانسس ٹیافو کو اسپین کے جاؤمے مونار نے 6-4 اور 6-3 سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں قدم رکھ دیا۔ نمبر چار سیڈ جاپان کے کائی نشیکوری نے امریکہ کے ٹیلر فرٹز کو7-5 اور 6-2 سے رخصت کیا اور نمبر تین سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم اور ارجنٹینا کے گائیڈو پیلا کے ساتھ لاسٹ 16 میں جا پہنچے۔چلی کے کرسچین گارین،اسپین کے ڈیوڈ فیرر اورالبرٹ راموس ونولاس اور تیونس کے مالک جزیری نے پہلا مرحلہ عبورکرلیا۔جرمنی میں جاری اسٹٹ گارٹ اوپن میں جرمنی کی لارا سیگمنڈ،اینڈریا پیٹکووچ،روس کی ڈاریا کساٹکینا،بلجیم کی گریٹ مینین اور نمبر سات سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ہنگرین اوپن کے پہلے راؤنڈ میں نمبر پانچ سیڈ سربیا کے لیزلو ڈیرے نے لیٹویا کے ارنسٹ گلبیز،ہالینڈ کے رابن ہاس نے اٹلی کے تھامس فیبیانو،جرمنی کے پیٹر گوائیزک نے جنوبی افریقہ کے لائیڈ ہیرس،ہنگری کے اٹیلا بالاز نے پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکاکز،فرانس کے پائرے ہیوز ہربرٹ نے بیلاروس کے ایگور گراسیموف اور نمبر چھ سیڈ آسٹریلیا کے جان ملمین نے سربیا کے میومیر کیسمانووچ کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیا۔