شہر کے دوسریطویل فلائی اوور کی تعمیر پر 736 کروڑ کے مصارف ، چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاح کریں گے
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد میں دوسرا بڑا فلائی اوور ہفتہ یا دس دن میں عوام کو دستیاب ہوجائے گا ۔ اسٹریٹیجکٹ روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام ( ایس آر ڈی پی ) کے حصہ کے طور پر زو پارک تا آرام گھر تک تعمیر ہونے والا فلائی اوور بالآخر آخری مراحل میں پہونچ گیا ہے ۔ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اس کا افتتاح کریں گے ۔ اس فلائی اوور کی تعمیر کا 2021 میں آغاز ہوا ہوا تھا ۔ گذشتہ سال سے اس کی تعمیرات میں تیزی پیدا ہوئی ۔ 636.80 کروڑ روپئے کے تخمینہ کے ساتھ فلائی اوور تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا مگر اس کی تعمیری لاگت بڑھ کر 736 کروڑ روپئے تک پہونچ گئی ہے ۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد شہر حیدرآباد میں تعمیر ہونے والا یہ دوسرا بڑا فلائی اوور ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 2009 کے دوران 11.66 کلومیٹر چار لین پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے تعمیر کیا گیا تھا۔ اس فلائی اوور کو اس وقت ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہوا تھا۔ ایر پورٹ تک بغیر کسی رکاوٹ کے پہونچنے کیلئے اس فلائی اوور ایرپورٹ کو تعمیر کیا گیا ۔ اس فلائی اوور پر صرف فور وہیلر گاڑیوں کو منظوری حاصل ہے ۔ ہیوی وہیکلس ، ٹو وہیلرس ، آٹو کو فلائی اوور پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہے ۔ اس کے بعد کتہ گوڑہ میں 3 کلو میٹر طویل 4 لین فلائی اوور تعمیر کیا گیا ۔ 4.08 کلو میٹر لمبائی اور 6 لین کے ساتھ آرام گھر کا فلائی اوور بہت جلد عوام کو دستیاب ہوجائے گا ۔ ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد اور جی ایچ ایم سی کمشنر المبرتی نے اس فلائی اوور کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا اور چار دنوں میں ماباقی کاموں کو تکمیل کردینے کی ہدایت دی۔ سرویس روڈ کی تعمیر کیلئے 17 جائیدادیں حاصل کرنا ہے ۔ فی الحال کاموں کی انجام دہی کیلئے 5 جائیدادوں کو حاصل کرنے پر سرویس روڈ کے کاموں کا آغاز ممکن ہے ۔ چیف انجینئر دیوآنند نے کمشنر کو تفصیلات سے واقف کرایا ۔ معاوضہ کی ادائیگی کے لیے تجاویز روانہ کرنے پر منظوری دینے کا تیقن دیا گیا۔ زو پارک تا آرام گھر تک 24 میٹر چوڑا 4.08 کلومیٹر طویل اور 6 لین پر مشتمل یہ فلائی اوور ہے ۔ اس فلائی اوور کے دستیاب ہوجانے پر زو پارک ، آرام گھر سے ہوتے ہوئے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ ، محبوب نگر ، کرنول ، اننت پور اور بنگلور جانے والوں کو ٹریفک مسائل سے چھٹکارا حاصل ہوگا ۔ تاڑبن ، دانا اماں جھونپڑی ، حسن نگر جنکشنس کے پاس ٹریفک سگنلس پر رکنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ زو پارک آنے اور پرانے شہر کی طرف جانے والی گاڑیوں کا سفر آسان ہوجائے گا ۔۔ 2