زو پارک میں الیکٹرک بگی کی ٹکر سے کمسن بچی شدید زخمی

   

ڈرائیور کے خلاف کارروائی پر زور، زو میں طبی خدمات کی عدم سہولت

حیدرآباد : /16 نومبر (سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں زو کی الیکٹرک بگی نے ڈھائی سالہ کمسن لڑکی کو روند دیا ۔ اس حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی اور علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جی نوین راجو اور ان کی بیوی اپنے بچوں کے ہمراہ اتوار کو بہادر پورہ کے نہروزوالوجیکل پارک پہنچے اور زو میں سیر کرنے کیلئے الیکٹرک بگی کرایہ پر حاصل کی ۔ تقریباً 3.30 بجے جی نوین راجو اپنے بیوی بچوں کے ساتھ بگی سے اتر کر جانوروں کا مشاہدہ کررہے تھے کہ اسی دوران بگی کے ڈرائیور نے تیز رفتار سے بگی چلاتے ہوئے ان کی بیٹی اننیا راجو جس کی عمر ڈھائی سال بتائی جاتی ہے کو روند دیا ۔ اس حادثہ میں کمسن بچی شدید زخمی ہوگئی ۔ لیکن یہاں پر معصوم بچی کے والدین نے زو اور وہاں کے انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی شکایت میں بتایا کہ حادثہ کے بعد ان کی زخمی بچی کا کوئی پرسان حال نہیں تھا اور حتی کہ زو کی امبولینس بھی ناکارہ بتائی گئی ۔ پریشان حال والدین نے اننیا راجو کو مقامی دواخانہ منتقل کیا جہاں پر اسے ابتدائی طبی مدد کے بعد بنجارہ ہلز میں واقع ایک کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیرعلاج ہے ۔ والدین نے اپنی شکایت میں زو مینجمنٹ اور وہاں کے عملہ کی انتہائی لاپروانہ رویہ بالخصوص الیکٹرک بگی ڈرائیور کے بارے میں تشویش ظاہر کی ۔ متاثرہ لڑکی کے والدین نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ احاطہ زو میں میڈیکل ایمرجنسی کے کوئی انتظامات نہیں ہے اور نہ ہی وہاں کے عملہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی ٹریننگ دی گئی ہے ۔ حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ زو کو آنے والے سیاح کی سلامتی اور ان کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کریں ۔ ب